27 جولائی 2019 - 05:14
ائمہ اطہار(ع) کی زیارت کا توحید ، نبوت اور قیامت کے ساتھ براہ راست رابطہ ہے

حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے حرم مطہر کے خطیب نے آئمہ معصومین علیہم السلام کی زیارت کو بہت بڑی عبادت گردانتے ہوئے کہا کہ ان کی زیارت کا توحید، نبوت اور قیامت کے ساتھ براہ راست رابطہ ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ حرم مطہر رضوی کے صحن جامع رضوی میں نماز مغربین کے بعد خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں حجت الاسلام والمسلمین سید ابوالفضل طباطبائی اشکذری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ اہلبیت علیہم السلام کی زیارت ایک مستحب عمل ہے لیکن گرانقدر اقدار کی حامل ہے اورانسان کی دنیوی اور اخروی زندگی میں بہت زیادہ مؤثر ہے۔

انہوں نے اس بات کی طرف اشارہ کیا کہ زیارت انسان کے لئے ایک مدرسے کی مانند ہے جس میں خودسازی کا درس ملتا ہے۔ انھوں نے کہا : حضرت امام جواد علیہ السلام فرماتے ہیں: ’’ جو بھی میرے والد بزرگوار حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی قبر مطہر کی طوس میں زیارت کرے گا خداوند کریم اس کے گذشتہ اور آئندہ کے تمام گناہوں کو معاف کر دے گا اور قیامت کے دن اس کے لئے رسول اللہ (ص) کے منبر کے سامنے ایک منبر لگایا جائے گا تاکہ وہ اطمینان و سکون سے اس منبر پر بیٹھ جائے،  یہاں تک کہ خداوند متعال اپنے آخری بندے کے گناہوں کا حساب و کتاب لے لے‘‘۔

حرم مطہر رضوی کے خطیب نے مزید وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ آئمہ معصومین علیہم السلام کی زیارت کا اصلی ہدف و مقصد قرب الہیٰ حاصل کرنا اور اپنے آپ کو اس کی رحمت کے دیدار کے قابل بنانا ہے اور کیونکہ یہ سب فقط امامت و ولایت کے توسل کے ذریعہ ممکن ہے اس لئے آئمہ ہدیٰ (ع) اور اولیاء اللہ کی زیارت خداوند متعال کے قرب کا مقدمہ ہے

انہوں نے اس بات کی طرف بھی اشارہ کیا کہ حضرات معصومین علیہم السلام کی زیارت میں بہت سے راز پوشیدہ ہیں اور بے حد بلند مرتبہ حقیقتیں وجود رکھتی ہیں۔ معصومین علیہم السلام کی روایات میں ملتا ہے کہ ایک شخص حضرت امام علی بن موسیٰ الرضا علیہ السلام کی زیارت سے مشرف ہوتا ہے اور فقط ایک رات آپ کے جوار مطہر میں رات بسر کرتا ہے تو خداوند متعال اسے ۷۰  ہزار مقبول حج کا ثواب عطا کرتا ہے۔

جناب طباطبائی اشکذری نے آئمہ ہدیٰ کی زیارت کو بہت بڑی عبادت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس زیارت کا براہ راست رابطہ توحید، نبوت اور قیامت کے ساتھ ہے اور اسی زیارت سے ہمیں یہ موقع ملتا  ہے کہ ایمان و چراغ ہدایت کے  ساتھ ہمارا  رابطہ برقرار رہے اور اپنے لئے سعادت مند ی فراہم کرلیں۔

انہوں نے کہا کہ حضرات معصومین علیہم السلام کی زیارت  سے انسان آخرت کی یاد میں رہتا ہے اور جو زیارت پوری معرفت کے ساتھ ہو وہ  آخرت کے لئے بہت ہی قیمتی اثاثہ بن جاتی  ہے ۔



/129